ہبلی۔ 25جنوری (ایس او نیوز ) شمالی کرناٹک کا انٹرپرینر شپ پروگرام ‘‘ ٹائیکان سمٹ ’’ ہبلی میں 27جنوری سے ہوگا،تاکہ اس علاقہ میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دیا جاسکے ۔سمٹ کے صدرنشین سندیپ بدا ساریہ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے یہا ں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر پارچہ جات سمرتی ایرانی اس سمٹ کا افتتاح کریں گی۔ ریاستی چھوٹی اور اوسط صنعتوں کے وزیر آر وی دیشپانڈے حکومت کی طرف سے اس سمٹ میں موجود رہیں گے ۔ انہو ں نے کہا کہ ہندوستان بھرکے تجارتی ماہرین اور بین الاقوامی ماہرین نئی صنعتوں کے مفاد میں ان کے قیام کے آغاز کے لئے چھوٹی صنعتوں اور خوشحالی کے موضوع پر لکچر دیں گے ۔ پہلے دن کا سیشن چھوٹے خاتون تاجروں اور نوجوان تاجروں کیلئے ہوگا۔ دوسرے دن تجارت کی اہم شخصیتیں اپنے شعبہ میں کامیابی کی تفصیلات سے واقف کروائیں گی تاکہ ابھرتے ہوئے تاجراس سے حوصلہ پاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کئی آرگنائزرس کونوٹ بندی کے عمل کے سبب اس پروگرام کی اسپانسر شپ کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔